بنگلورو۔30؍جون(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے کاموں کے متعلق 900 سے زیادہ فائلوں کو راجہ راجیشوری نگر کے رکن اسمبلی منی رتنا کے گھر سے ضبط کئے جانے کے معاملے کی جانچ کو آگے بڑھاتے ہوئے آج صبح لوک آیوکتہ نے بی بی ایم پی کے تین انجینئروں اور منی رتنا کے پی اے جئے رام سمیت دو کنٹراکٹروں کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے ۔ لوک آیوکتہ کے اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس پرشیوا مورتی کی نگرانی میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عبدالعہد کی قیادت میں دس افسران پر مشتمل لوک آیوکتہ ٹیم نے تین انجینئروں اور ایم آر جئے رام ،کنٹراکٹر وینکٹیش مورتی کے دفتر اور گھروں سمیت جملہ آٹھ مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے ۔ بی بی ایم پی ویسٹ ڈویژن ایگزی کیٹیو انجینئر مالتیش کے دفتر اور گوڈیگے ہلی میں واقع مکان ،بی بی ایم پی روڈ انفرااسٹرکچر ڈویژن کے ایگزی کیٹیو انجینئر کیمپے گو ڈا کے دفتر اور ایچ ایس آر لے آؤٹ میں واقع مکان ، بی بی ایم پی کے اے ای ای آئی وشواس اور بسونگڈی میں واقع مکان کنٹراکٹر وینکٹیش اور ایم آر جئے رام کے گھر اور دفاتر پر بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ان چھاپوں کے دوران 900 فائلوں کی گمشدگی کے متعلق کئی دستاویزات لوک آیوکتہ کے ہاتھ لگے ہیں۔ 27 دسمبر 2014کو لوک آیوکتہ کی طرف سے مارے گئے چھاپوں کے دوران منی رتنا کے گھر سے لوک آیوکتہ کو بی بی ایم پی کی 900 سے زائد فائلیں برآمد ہوئی تھیں۔ اس معاملے کی جانچ کو اس وقت سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔